لاہور،21 مارچ(اے پی پی ): یو ایس ایڈ کے زیراہتمام ‘‘ہم آہنگ’’ پروجیکٹ کے آغاز کر دیا گیا ہے ،‘‘ہم آہنگ’’ پروجیکٹ ایک پانچ سالہ پروجیکٹ ہے، جس کا مقصد قیام امن کو فروغ دینا اور جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ میں شہریوں اور سرکاری اداروں کے درمیان رابطے کو بڑھانا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری نے کہا ہے کہ ‘‘ہم آہنگ’’ پروجیکٹ شہریوں اور حکومت کو ایک جامع انداز میں قریب لانے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ بنانے کے لیے شہریوں کی شمولیت پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد بہتر طرز حکمرانی کے لیے شہریوں اور حکومت کے درمیان مکالمے کو بڑھانا ہے۔
لاہور میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز، پلڈاٹ کے احمد بلال محبوب، مختلف سرکاری محکموں کے نمائندوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں، میڈیا اور پنجاب اور سندھ کے نوجوانوں نے تقریب میں شرکت کی۔
.