انڈونیشیا ایمبیسی کے قونصلر  کی چیئرمین     ہلال احمر پاکستان سے ملاقات،ہیومینٹیرین سیکٹر میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال

61

اسلام آباد،29اپریل  (اے پی پی): انڈونیشیا  ایمبیسی کے قونصلررحمت ہندیارتہ کوسومانے پیر  کو یہاں ہلال احمر پاکستان کا دورہ کیا اور   چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری سے ملاقات کی جس میں  خون کے عطیات اور ہیومینٹیرین سیکٹر میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رحمت ہندیارتہ کوسوما نے ہلال احمر لائبریری سمیت مختلف شعبوں کا بھی معائنہ بھی کیا اور وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے ۔

ملاقات  کے دوران  چئیرمین ہلال احمر پاکستان  نے قدرتی آفات و سانحات  کے دوران  ہلال احمر کی خدمات سے متعلق بتایا اور  سیلاب زدہ علاقوں میں جاری سرگرمیوں سے متعلق بھی تفصیلی آگاہی دی۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا گزشتہ عرصے میں  ہلال احمر پاکستان نے انسانی خدمت کا دائرہ کار بڑھایا اور ہر متاثرہ فرد کی مدد کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا سفارتی حلقوں کے ساتھ روابط کا فروغ ہلال احمر پاکستان کے لئے نیک شگون ثابت ہورہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان  نے سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا اور آج بھی متاثرہ علاقوں میں ریکوری پروگرام کامیابی سے جاری ہے، انہوں نے ہلال احمر کی سرگرمیوں اور مستقبل کے اقدامات پر مبنی بروشر بھی پیش کیا۔ انہوں  نے انڈو نیشیا کے تعاون اورباالخصوص سفارتخانہ میں خون کے عطیات کے لئے باقاعدگی سے کیمپ کے انعقاد کو گرانقدر قرار دیا۔رحمت ہندیارتہ کوسوما نے ہلالِ احمر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں ہلال احمر پاکستان نئی جہت کے ساتھ انسانیت کی خدمت کر رہا ہے۔

اس کے بعد  سیکرٹری جنرل ہلال احمر جناب عبید اللہ خان کے ہمراہ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے رحمت ہندیارتہ کوسوما نے اس عہد کی تجدید کی کہ ہیومنٹیرین سیکٹر میں ہلال احمر پاکستان کے ساتھ تعاون جاری  رکھنے اور دونوں اداروں کے مابین تعاون پر مبنی تعلقات کو بھی مستحکم کرنے کے  عزم کا اعادہ کیا۔