آلودہ پانی کے زرعی مقاصد کیلئے استعمال سے ہیضے، یرقان سمیت کئی بیماریاں پھیلتی ہیں: وزیر بلدیات ذیشان رفیق

23

لاہور، 4 مارچ(اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے زیر اہتمام سیوریج واٹر والے چھپڑوں کی صفائی پر سیمینار  میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے ریسرچ ماہرین اور اساتذہ بھی شریک ہوئے۔وزیر بلدیات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مناسب ٹریٹمنٹ نہ ہونے سے سیوریج واٹر زیرزمین پانی کی آلودگی کا باعث بنتا ہے، آلودہ پانی کے زرعی مقاصد کیلئے استعمال سے ہیضے، یرقان سمیت کئی بیماریاں پھیلتی ہیں، ذیشان رفیق نے کہا کہ آج کے سیمینار کا مقصد چھپڑوں کے پانی کی صفائی کے معاملے پر سرجوڑ کر بیٹھنا ہے، زیرزمین پانی کو صاف رکھ کر آنے والی نسلوں کو محفوظ ماحول فراہم کریں گے، ذیشان رفیق نے کہا کہ یونیسیف کے تعاون سے پی ایم ڈی ایف سی نے شیخوپورہ میں ماڈل پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ سیوریج واٹر کے ذخائر کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کے منصوبے کو توسیع دیں گے، وزیر بلدیات نے کہا کہ ماہرین کی مدد سے چھپڑوں کو آبی حیات بالخصوص مچھلیوں کا مسکن بنایا جائے گا، ورلڈبنک کے تعاون سےگیارہ شہروں میں جامع منصوبوں کے تحت پہلی بار ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بنائے جا رہے ہیں، وزیر بلدیات نے کہا کہ آلودگی کا خاتمہ اور صفائی کے معیاری انتظامات وزیراعلیٰ مریم نواز کا فوکس ہے، وزیراعلیٰ پنجاب تحقیقی شعبے میں نوجوانوں کو زیادہ کردار فراہم کرنے کی خواہاں ہیں، ذیشان رفیق نے کہا کہ کانفرنس کی سفارشات کو پنجاب حکومت کے سامنے رکھیں اور عملدرآمد کریں گے۔ایم ڈی پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی سید زاہد عزیز نے پراجیکٹ کی تفصیلات پر خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے فلوٹنگ ویٹ لینڈز سے سیوریج پونڈ کی صفائی کا پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کیا، سید زاہد عزیز نے کہا کہ پاکستان میں آبی آلودگی کی شرح دیگر ممالک کے مقابلے میں خطرناک حد تک زیادہ ہے۔ اسی آلودہ پانی کا 70 فیصد حصہ زراعت کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ گندے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچوں میں شرح اموات 33 فیصد ہے۔ فلوٹنگ ویٹ لینڈز سے بغیر انرجی یا کمیکلز کے قدرتی طریقے سے ویسٹ واٹر کی صفائی کی جاتی ہے۔