حکومتی اقدامات اور کاوشوں کے باعث عوام کو ریلیف ملا ہے، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین

49

لاہور، 5اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی زیرصدارت رمضان ریلیف پیکیج کی نگران وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔

صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیاگیا۔ صوبائی وزیرخوراک بلال یاسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مقدس کے دوران اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا ہے۔ پیاز، آلو اور ٹماٹر کی سپلائی کو بہترکرکے قیمتوں میں نمایاں کمی لائی گئی۔

بلال یاسین نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور کاوشوں کے باعث عوام کو ریلیف ملا ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ گراں فروشی کی روک تھام اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے آئندہ بھی اسی جذبے سے کام کرنا ہوگا۔

بلاول یاسین نے کہا کہ پرائس کنٹرول ایک مستقل کاوش کا نام ہے، ٹیمیں فیلڈ میں ایکٹو رہیں۔ رمضان المبارک کے آخری ایام اور عیدکے دنوں میں مہنگائی کی روک تھام کیلئے پلان تیار کرلیا گیا۔

 انھوں نے کہا کہ رمضان کے آخری ایام اورعیدکے دنوں میں اشیاء ضروریہ کی سپلائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ انھوں نے ہدایت دی کہ چکن، پیاز، آلو، ٹماٹر اور دیگر اشیاء ضروریہ کی سپلائی اور قیمتوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے۔  صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے اجلاس کو بتایا کہ زرعی فیئرپرائس شاپس سے روزانہ ہزاروں افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ زرعی فیئرپرائس شاپس 27رمضان تک جاری رہیں گی۔