خاتون محتسب پنجاب کا دورہ ملتان،وراثتی اور جائیداد سے متعلق کیسز کی سماعت کی

7

ملتان،30اپریل(اے پی پی):خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی نے ملتان کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے ریجنل دفتر میں خواتین کے وراثتی اور جائیداد سے متعلق کیسز کی سماعت کی۔

خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کو وراثتی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں خواتین کے گھر، جائیداد اور زمین سے متعلق سارے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے قانونی کاروائیاں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کے معاشی استحصال اور خوف و ہراس کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ان کو قانونی اور وراثتی جائیداد کے حصول میں مشکلات کا تدارک کیا جا سکے۔ خاتون محتسب پنجاب نے بتایا کہ خواتین کو فوری اور فری انصاف کی فراہمی کے لئے 60 دنوں کے اندر کیسز کا فیصلہ کیا جاتا ہے اور خواتین کو ان کی جائیداد پر قبضہ ہونے کی صورت میں قبضہ شدہ جائیداد کا مارکیٹ ریٹ پر کرایہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا جاتا ہے تاکہ ان کی داد رسی ہو سکے۔ خواتین کی جائیداد کے کیسز کی سماعت کے دوران وہاڑی کی سفینہ یاسمین نے ایک کنال پلاٹ پر قبضہ وا گزار کرانے پر خاتون محتسب نبیلہ حاکم علی کا خصوصی شکریہ ادا کی اور خواتین کے جائیداد سے متعلق مسائل کے حل کے لیے خاتون محتسب کے دفتر کے قیام اور خدمات کو سراہا۔ خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی نے ملتان، خانیوال اور وہاڑی اضلاع سے متعلقہ 16 خواتین کے کیسز کی سماعت کی اور ان کی داد رسی کے لئے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے کنسلٹنٹ اکرم بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔