خیبر پختونخوا حکومت نے جیمز سیکٹر کو صوبے میں ایک برآمدی شعبہ کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ

15

پشاور، 18 اپریل(اے پی پی): خیبر پختونخوا حکومت نے جیمز سیکٹر میں برآمدات بڑھانے کی غرض ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اس شعبے کو صوبے میں باقاعدہ ایک برآمدی شعبہ کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے جسکے نتیجے میں نمک منڈی پشاور میں جیمز سٹونز کے پورے کلسٹر کو باقاعدہ جیمز پروسیسنگ اینڈ ایکسپورٹ سنٹر کی شکل دی جائے گی اور اس کو تمام عالمی معیارات سے آراستہ وسیع اور موزوں عمارت میں منتقل کیا جائے گا۔

اس حوالے سے جمعرات کے روز محکمہ صنعت کے کمیٹی روم سول سیکریٹریٹ پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری صنعت سید ذوالفقار علی شاہ اور سپیشل سیکرٹری محمد انور خان کے علاؤہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی جاوید اقبال خٹک،وفاقی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ  کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سمیع اللہ خان اور ڈائریکٹر ظفر،پی ڈی اے اور لوکل گورنمنٹ کے افسران،ایوان صنعت وتجارت اور جیمز سٹونز ایسوسی ایشن کے نمائندوں  اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں جیمز سٹونز کے شعبے کی ترقی کیلئے پالیسی لیول کے کئ فیصلے کئے گئے جس کے تحت پشاور میں جیمز سٹونز کیلئے اعلیٰ سہولیات سے آراستہ جیمز پروسیسنگ اینڈ ایکسپورٹ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔اس سنٹر میں لیپڈری،جیمز کٹنگ،انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن لیب،انٹر نیشنل میل آفس (آئی ایم او)، بنک اورکسٹم آفس کے سہولیات دستیاب ہونگے جبکہ باہر سے یہاں پر سرمایہ کاروں کی آمد کیلئے این او سی کی فراہمی میں بھی سہولیات فراہم کیئے جائیں گے۔اسی طرح پاکستان ، افغانستان اور ایران ڈسک بھی اس جیمز سنٹر میں قائم کیا جائے گا جبکہ آئندہ چار مہینوں تک اس کو مکمل کرکے اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ صوبے میں سالانہ جیمز شو کا انعقاد بھی کیا جائے گا جبکہ اے ڈی ایف کے نمائندے نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ سنٹر میں سہولیات کی دستیابی ایکسپورٹ فنڈ کے ذریعے کی جائے گی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جدید جیمز سنٹر کا قیام ملک اور صوبے کی معاشی ترقی کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔اس سے ہماری ایکسپورٹ بھی بڑھے گی جبکہ اس شعبے سے وابسطہ ہزاروں افراد کو روزگار کے موقع میسر آسکیں گے اور ملک کو روینیو کی مد میں خاطر خواہ اضافہ میسر آسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور اس خطے میں قیمتی پتھروں کے کاروبار کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس نئے مرکز کے قیام سے یہ شعبہ مزید ترقی کرے گا جو ہمارے صوبے کی معاشی ترقی کیلئے ایک اہم ذریعہ بنے گا۔