ساہیوال، 29 اپریل(اے پی پی): ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر کی زیر صدارت پسپ پروگرام کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیوریج پائپ بچھانے کے لئے کھودی گئی سڑکوں کی مرمت کا کام جلد مکمل کرنے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کے لئے ٹھیکیدار ٹائم لائن کے مطابق کام کریں ، پسپ حکام کو ہدایت کی گئی۔
انہوں نے فرید ٹاؤن، آڑا تلہ روڈ اور مڈھالی روڈ پر جاری مرمت کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے ان کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان منصوبوں میں بلا وجہ تاخیر سے عوام شدید ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔ سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ ڈی سی چوک، مشن چوک اور ٹینکی چوک پر ٹریفک سگنلز لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے جسے ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ محلہ نورپارک، غلہ منڈی، عنائت الٰہی کالونی، جہاز گراؤنڈ اور فرید ٹاؤن کی آبادیوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے گھر گھر کنکشن پہنچانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ فتح شیر کالونی اور طارق بن زیاد کالونی میں جاری کام اسی ہفتے مکمل کر لیا جائے گا۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے نئے نصب ہونے والے ٹیوب ویلز کو بھی ضرورت کے مطابق چلانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











