سرگودھا، خبیب گرلز سکول اینڈ کالج میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب منعقد

20

سرگودھا,3اپریل  (اے پی پی):خبیب گرلز سکول اینڈ کالج میں 11ویں سالانہ رزلٹ اور تقسیم  انعامات کے موقع پر  تقریب  منعقد ہوئی ۔ جس میں ڈائریکٹر جنرل خبیب فاؤنڈیشن بریگیڈیئر (ر) افتخار علی خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایجوکیشن خبیب فاونڈیشن کرنل (ر) زاہد محمود بھی موجود تھے۔  تقریب تقسیم انعامات میں ایگریکلچر کالج یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈین ڈاکٹر اطہر ندیم، چیئرمین شعبہ پلانٹ جینیٹکس یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول، ریڈیو پاکستان کے سینئر اینکر، اقبالیات کے مصنف، پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ شاہین،سینئر نائب صدر برداشت چیئرپرسن انٹرنیشنل ڈرائی پورٹ سرگودھا ڈاکٹر عتیقہ ریحان اور ملک عابد حسین اعوان  نے خصوصی شرکت کی اور پوزیشن لینے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب میں والدین اور مقامی افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔  پرنسپل خبیب گرلز سکول اینڈ کالج ثروت انصر نے چیئرمین خبیب فاؤنڈیشن کی جانب سے مہمان خصوصی اورتمام آنے والے مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خبیب فاؤنڈیشن برگیڈیر ریٹائرڈ افتخار علی خان نے کہا کہ  خبیب فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم کے لیے یہ ایک فخر کی بات ہے کہ خبیب گرلزسکول اینڈ کالج سرگودھا روشنی کا مینار اور شہر کا بہترین ادارہ بن گیا ہے جس میں نہ صرف اعلیٰ تعلیم دی جاتی ہے بلکہ بچوں کی اخلاقی تربیت بھی کی جاتی ہے۔اس موقع پرچیئرپرسن انٹرنیشنل ڈرائی پورٹ سرگودھا ڈاکٹر عتیقہ ریحاننے کہا کہ خبیب گرلز سکول اینڈ کالج سرگودھا چیئرمین خبیب فاؤنڈیشن ندیم احمد خان کا ایک لگایا ہوا پودا ہے جو اب ایک سایہ دار درخت بن چکا ہے جو یتیموں اور مستحقین کو زندگی کی تمام ضروریات نہایت باوقار طریقے سے فراہم کرتا ہے۔تقریب میں طلبہ نے فلسطین اور مختلف موضوعات پر ٹیبلو پیش کئے اور تائیکوانڈو کے خصوصی مظاہرے کئے اور خوب داد وصول کی۔