اسلام آباد،25 اپریل( اے پی پی): وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویر حسین نے صنعت اور کاروبار کی مسابقت کو بہتر بنانے کے لیے سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعت کو سہولت دی جائے اور اس کی حقیقی صلاحیت کا ادراک کیا جائے، تمام اسٹیک ہولڈرز باہمی تعاون کی بنا پر اقتصادی ترقی کے لیے پرعزم ہوں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے قیمتی پتھر پر چار روزہ بین الاقوامی تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ صنعت کو سہولت دی جائے اور اس کی حقیقی صلاحیت کا ادراک کیا جائے جبکہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ صنعت کی قیادت میں اقتصادی ترقی کے لیے زیادہ پرعزم ہوں۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ ملک میں جیم اینڈ جیولری انڈسٹری کے فروغ کے لیے خصوصی کوششیں کی جا رہی ہیں۔