لاہور، 21 اپریل (اے پی پی): ملک بھر میں ضمنی الیکشن کا دنگل سج گیا، پنجاب میں قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی، پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی کی 4 نشستوں پر شہری حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
لاہور میں قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں 239 امیدوار مدمقابل ہیں، سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں 40 لاکھ 44 ہزار سے زائد ووٹرز ضمنی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 119 میں اس بار ضمنی الیکشن میں کل 9 امیدوار میدان میں اترے ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار علی پرویز ملک, تحریک انصاف (سنی اتحاد کونسل) کے شہزاد فاروق جبکہ تحریک لبیک کے محمد ظہیر شامل ہیں جبکہ 6 آزاد امیدوار ہیں علاوہ ازیں لاہور کے چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں اسے پی پی 147 میں کل 11 امیدوار ہیں جن میں مسلم لیگ ن کے ملک ریاض، تحریک انصاف (سنی اتحاد کونسل) کے شاہ رخ جمال، تحریک لبیک کے محمد یاسین جبکہ 8 آزاد امیدوار ہیں. پی پی 149 میں کل 14 امیدوار میدان میں اتریں گے جن میں استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے شعیب صدیقی، تحریک انصاف (سنی اتحاد کونسل) کے ذیشان رشید اور تحریک لبیک کے محمد ظہیر نامزد امیدوار ہیں جبکہ 11 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں اسی طرح حلقہ پی پی 158 سے کل 22 امیدوار قسمت آزمائیں گے یہاں تحریک انصاف (سنی اتحاد کونسل) کے مونس الہٰی، مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد نواز اور تحریک لبیک کے محمد منیر عوان میدان میں ہیں جبکہ 19 آمیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔ پی پی 164 سے کل 20 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں جن میں تحریک انصاف (سنی اتحاد کونسل) کے امیدوار محمد یوسف، مسلم لیگ (ن) کے راشد مہناس اور تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار مدثر محمود ہیں جبکہ 17 امیدوار ازاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ضمنی انتخابات کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
پولیس سکیورٹی کے پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہل کار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیں گے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزارت داخلہ، حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہے گی، یہ فیصلہ انتخابی عمل کو بلا تعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق صوبے کے 2599 پولنگ سٹیشنز میں سے 419 اانتہائی حساس، 1081 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے 35 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہل کار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے، انتخابی عمل کو سبوتاژ پر بلا تفریق کاروائی ہو گی۔