لاہور، 20 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں سابق وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ملاقات کی۔
اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی ڈرگز کنٹرول ڈاکٹر سہیل، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، ایڈیشنل سیکرٹری پروکیورمنٹ مظہر محمود، ڈپٹی سیکرٹریز اور ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم موجود تھیں۔
خواجہ سلمان رفیق اور پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کے درمیان دل کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجہ کے حوالہ سے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب کیلئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو ایک لائف سیورز کٹ بھی عطیہ کی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ آج کی بیٹھک کا بنیادی مقصد دل کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کیلئے بہتر سہولیات کیلئے برین سٹارمنگ تھا۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ 1122 کی ہر ایمبولینس میں لائف سیورز کٹ دینا چاہتے ہیں۔ سرکاری کارڈیک ہسپتالوں میں پرائمری انجیو پلاسٹی کی سہولت کا کریڈٹ محسن نقوی کی نگران حکومت کو جاتا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اپنے بھائی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی قیمتی آراء اور تجاویز پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سابق وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ذریعے ایک بھی انسان کی جان بچ جائے تو اللہ تعالیٰ راضی ہو جائیں گے۔ پوری دنیا میں پرائمری انجیو پلاسٹی کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب کو مزید لائف سیورز کٹس عطیہ کریں گے۔