ضمنی انتخابات 2024: سکیورٹی اداروں کی نگرانی میں پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا

18

لاہور،21 اپریل (اے پی پی): ضمنی انتخابات 2024 ،صوبائی دارالحکومت میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہو گیا۔ پولیس اور سکیورٹی اداروں کی نگرانی میں پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

ضمنی انتخابات 2024میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کی ایک جبکہ صوبائی اسمبلی کی 4 سیٹوں پر امیدوار مدمقابل ہیں۔

ضمنی الیکشن میں یہاں صرف تین سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہی حصہ لے رہے ہیں جبکہ جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے میدان خالی چھوڑا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 119 میں اس بار ضمنی الیکشن میں کل 9 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔ جبکہ لاہور کے چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں پی پی 147 میں کل 11 امیدوار،پی پی 149 میں کل 14 امیدوار، پی پی 158 سے کل 22 امیدوار اور پی پی 164 سے کل 20 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔