ضم اضلاع میں زراعت کی  ترقی کے روشن مواقع دستیاب ہیں؛صوبائی وزیر زراعت

9

پشاور،05 اپریل (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ریٹائرڈ) محمد سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں جدت سے زرعی ترقی کیلئے حکومت مختلف نوعیت کے منصوبوں پر کام کررہی ہے جسکا مقصد ان علاقوں میں زرعی پیداوار کا فروغ،جدید زرعی طریقوں کو اپنانا اور کسانوں کو سہولیات سے آراستہ کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضم اضلاع میں ترقیاتی عمل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ضم اضلاع  کے اراکین صوبائی اسمبلی محمد سہیل آفریدی،نیک محمد،آصف مسعود،محبوب شیر،عثمان بیٹنی اور اجمل خان کے علاوہ سیکرٹری زراعت جاوید مروت، مختلف ونگز کے ڈی جیز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ضم اضلاع میں زرعی شعبے میں نمایاں اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن میں ٹنل فارمنگ،فروٹس اور سبزیوں  کی کاشت ،عمودی کاشتکاری اور مگس بانی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، ضم اضلاع میں زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے کاشتکاروں میں اعلی اقسام کے زرعی تخم بھی تقسیم کئے جائیں گے جبکہ انھیں زرعی مشینری اور تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

وزیر زراعت میجر (ریٹائرڈ) محمد سجاد بارکوال نے کہا  کہ  ضم اضلاع میں زراعت کی تیز تر ترقی کے روشن مواقع دستیاب ہیں یہ علاقہ زراعت کے اعتبار سے کئی پہلوں میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔یہاں پر زیتون کی نشونما اور فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں یہی وجہ ہے کہ یہاں پر مختلف پراجیکٹس کے ذریعے لاکھوں کی تعداد میں جنگلی زیتون کی پیوند کاری پر کام جاری ہے جس کے نتیجے میں یہاں سے کروڑوںروپے کے معیاری زیتون کے تیل کی پیداور متوقع ہے۔