عالمی جریدوں میں پاکستانی معیشت میں بہتری کی خبریں حوصلہ افزا ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات

33

اسلام آباد، 17 اپریل(اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بدھ کے روز کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی جریدوں میں پاکستانی معیشت میں بہتری کی خبریں حوصلہ افزا ہیں اور معیشت  سے متعلق مثبت خبریں وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا سعودی عرب کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، اسی دورے کے نتیجے میں اعلی سطحی سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔ دوست ممالک بھی پاکستان کیساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں اور یہ ہماری کامیابی ہے۔

عطا تارڑ نےکہا کہ سعودی وزیرخارجہ کی قیادت  میں وفد نے معدنیات،سیاحت اور دیگر شعبوں  میں سرمایہ کاری  پر بھی بات چیت کی ہے اور اس حوالے سے سعودی عرب کے نجی شعبے سے بھی وفد جلد پاکستان دورہ کرے گا،جبکہ عیدالفطر پر مختلف عالمی سربراہان کی طرف سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔

وزیراطلاعات ونشریات نے مزید بتایا کہ ملک میں  گندم کی بمپر فصل متوقع ہے، کسانوں کی سہولت کیلئے گندم کی خریداری کا ہدف بڑھایاجائے گا، گندم  کی خریداری کےہدف بڑھانے سے متعلق  چاروں صوبوں کو خط لکھے جائیں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن  کا بلوچستان میں جلسہ ناکام رہا ہے، پی ٹی آئی کی قیادت ہمیشہ متضاد بیانات دیتی ہے،اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ ملکی ترقی کی خاطرہمارا ساتھ دیں۔