مظفرگڑھ،06 اپریل(اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی دودھ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کر دیا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے تھانہ روڈ کوٹ ادو پر ملک شاپ کی چیکنگ کی،تو ٹیسٹ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ پائی گئی،دودھ میں فیٹس اور قدرتی غذائیت کی بھی کمی تھی۔ ملاوٹ ثابت ہونے پر ایک ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا اور ملک شاپ مالکان کو 14 ہزارروپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
اس حوالے سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی جنوبی پنجاب محمد عاصم جاوید نے کہا ہے کہ عوام تک ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے، دودھ جیسی بنیادی غذاء میں ملاوٹ کرنے والے عوام کے مجرم ہیں اور کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن نمبر 1223 پر رابطہ کریں۔