ملتان، 24 اپریل (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کیجانب سے انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں کریک ڈاؤن جاری ، صفائی و لاروا تلفی کے اقدامات نہ کرنے والے دو گودام اور 8 کمرشل عمارتوں کوسربمہر کر دیا گیا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق نے کارروائی کی اور جنرل بس سٹینڈ پر ڈینگی لاروا ملنے پر گودام کو بھی سربمہر کردیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف نے بھی 5 سے زائد کارخانوں اور دکانوں کو سیل کیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے ناقص انتظامات پر متعدد دوکانوں کو جرمانے بھی عائد کئے۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے سول سوسائٹی اور تاجر برادری کو ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دینا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف ستھرا رکھ کر ڈینگی لاروا کی افزائش روکی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں محکمہ صحت کی ٹیموں کی کڑی مانیٹرننگ کی جارہی ہے۔