ملکی ترقی کیلئے جیمز اینڈ جیولری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی؛ سیکرٹری صنعت و پیداوار وسیم اجمل چوہدری

19

اسلام آباد، 22 اپریل (اے پی پی ): وفاقی  سیکرٹری صنعت و پیداوار وسیم اجمل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے جواہرات اور زیورات کے شعبے میں ترقی کی بڑی صلاحیت ہے،ملکی ترقی کیلئے جیمز اور جیولری کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشنپاکستان ( اینپی او )اور ایشین پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن جاپان کے تعاون سے منعقد  ہونے والے تین روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے جواہرات اور جیولری کے شعبے میں تنوع لانے، صنعتوں کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا  کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت بہتر بنانے ، مقامی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع کھولنےمیں مدد ملے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ  اس شعبے سے مکمل استفادہ حاصل کرنے کے لیے ہمیں مقامی افرادی قوت کی تربیت اور ہنر مندی میں اضافے پر توجہ دینا ہوگی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  سی ای او  این پی او محمد عالمگیر چوہدری نے کہا  کہ پاکستان کی قیمتی پتھروں کی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ اور تشہیر کی ضرورت ہے۔قابلِ قدر مصنوعات کی برآمد ات سے پاکستان قیمتی زرمبادلہ کما سکتا ہے۔

ورکشاپ میں اے پی او کے رکن ممالک کمبوڈیا، انڈونیشیا، ملائیشیا، منگولیا، نیپال، سری لنکا اور ویت نام سے 18 شرکاء نے شرکت کی جبکہ 11 مقامی شرکاء اور تھائی لینڈ کے بین الاقوامی ریسورس اسپیکرز کے ذریعے سیشنز منعقد کیے  گئے۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد قیمتی جوہرات کی مصنوعات پر بین الاقوامی معیارات کا جائزہ لینا، کاٹنے، پالش کرنے، ڈیزائن کرنے اور پگھلانے کی تکنیکوں کے بارے میں جامع معلومات فراہم کرنا اور قیمتی جوہرات کی ویلیو چینزبشمول مینوفیکچرنگ، معیاری کاری اور تجارت میں بہترین طریقوں اور تکنیکی ترقی کی سمجھ کو بڑھانا ہے۔