اسلام آباد،24 اپریل (اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدرات بدھ کو سندھ میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی و صوبائی وزراء کو سندھ حکومت کے مالی و اقتصادی اور دیگر مسائل کے پائیدار حل تلاش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو آبی وسائل، مواصلات، محصولات، توانائی اور اسکے علاوہ حکومت سندھ کی طرف سے سرکاری و نجی اشتراک کے تحت بننے والے کامیاب منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کی بحالی کیلئے وفاق اور صوبوں کے مابین اشتراک ناگزیر ہے اور متعلقہ اداروں کو آئیندہ سال کے بجٹ کی تیاری میں تمام صوبوں کو اعتماد میں لینے اور ان کے خدشات دور کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں ترسیل آب کے دیرینہ مسائل کا جلد از جلد حل تلاش کرنے کی ہدایت کی اور صوبہ سندھ میں بجلی چوری کے سد باب کے لیے وفاقی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی اور صوبائی وزراء اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔











