وزیر اعظم شہباز شریف سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی ملاقات

87

 

اسلام آباد،23اپریل(اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے منگل کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات  کی۔دونوں ممالک کے موجودہ دوطرفہ خوشگوار تعلقات  پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ زراعت، لائیو اسٹاک، کان کنی اور دیگر  شعبوں  میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے آسٹریلوی کمپنیوں اور ماہرین کو بھی دعوت دی کہ وہ پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ اپنی مہارت کا اشتراک کریں۔ وزیر اعظم نے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں جن میں طلباء کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے کا بھی خصوصی ذکر کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے  پاکستان کے ساتھ آسٹریلیا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا اور اس حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور وزیر اعظم کو آسٹریلوی دفاعی حکام کے پاکستان کے دوروں سمیت آئندہ دو طرفہ مصروفیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے نشان دہ ترجیحی شعبوں سمیت کھیلوں، بالخصوص کرکٹ اور ہاکی  اور ثقافتی تعاون کو بھی مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی دلچسپی کا اظہار کیا ۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستانی سکیورٹی گارڈز کی بہادرانہ کوششوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے سڈنی میں ایک   حملے کے دوران کئی جانیں بچائیں۔ اس حملے میں ایک پاکستانی سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا زخمی ہوا ،اس حملے میں پانچ خواتین جاں بحق ہوئیں تھیں۔