لاہور،26اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ کے وفد نے ملاقات کی،وفد کی قیادت سینئر ایڈوائزر عمر فاروق کررہے تھے۔اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ کے سینئر ایڈوائزر عمر فاروق نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوامی خدمت کے ویژن کو سراہا۔ملاقات میں صوبے بھرکے سکولوں میں انٹر نیٹ فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔
اے ڈی ایم کے سینئر ایڈوائزر عمر فاروق نے سکولوں میں انٹرنیٹ فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر پنجاب میں ہیلتھ،ہائوسنگ اور دیگر سیکٹرز میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے ویڈیو گیمنگ سنٹرز کے قیام کے لئے اشتراک عمل پر اصولی اتفاق کیا گیا۔وفد نے لاہور میں انٹرٹینمنٹ ایرینا، باکسنگ اور فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی پیشکش کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سپورٹس منسٹر کو اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ وفد سے اشراک کار کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔اے ڈی ایم ہولڈنگ لمیٹڈ کی پنجاب میں گاڑیوں کے نمبر پلیٹ کے اجرا کے لئے اشتراک کار میں دلچسپی کا اظہار کیا۔لینڈ ریکارڈ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن میں تعاون کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کو اسباق کی تیاری اور حاضری کے لئے جدید ترین کمپیوٹر ٹیب فراہم کیے جائیں گے،سکولوں اور تعلیم اداروں کو دور حاضرکی ضروریات کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لارہے ہیں۔ لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی بتدریج فری وائی فائی پراجیکٹ شروع کیے جائیں گے۔نوجوانوں بالخصوص خواتین کو آئی سی ٹی سکلز سے با اختیار بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فری لانسنگ سے نوجوان خود روزگار کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ڈیجیٹلائزیشن کا ہدف پورا کریں گے۔سینئر ایڈوائزر عمر فاروق نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز پنجاب میں عوام کے لئے قابل قدر پراجیکٹس لارہی ہیں۔
ملاقات میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن،سکول ایجوکیشن، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔