کوئٹہ،25 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزدور پیشہ افراد کے چار سو بچوں کو ملک کے اعلی اقامتی تعلیمی اداروں میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے ۔ لیبر ویلفیئر فنڈ کے تحت اب مزدوروں کے بچے بھی پاکستان کے اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرسکیں گے ۔
جمعرات کو یہاں محکمہ محنت و افرادی قوت اور لیبر ویلفیئر فنڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ مزدو کا بچہ بھی وہیں پڑھے گا جہاں ایک صاحب حیثیت فرد کا بچہ پڑھتا ہے ،مزدوروں کے بچوں کے تمام تر تعلیمی اور اقامتی اخراجات لیبر ویلفیئر فنڈ سے ادا کریں گے ،مزدور کا باصلاحیت بچہ مزدور نہیں افسر ، ڈاکٹر، انجینئر اور کامیاب انسان بنے گا ۔
وزیر اعلی بلوچستان نے سیکرٹری لیبر بلوچستان کو ہدایت کی کہ قوانین میں ترامیم کے لئے تین روز کے اندر اندر قابل عمل تجاویز محکمہ قانون کو بھجوائی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ غریب ہمیشہ غریب رہے یہ اس کی قسمت کا نہیں بلکہ معاشرتی ناہمواری کا معاملہ ہے ،رواں سال مزدوروں کے 400 بچے پاکستان کے اعلی تعلیمی اداروں میں پڑھیں گے جبکہ آئندہ سال سے مزدوروں کے ایک ہزار بچے پاکستان کے اعلی تعلیمی اداروں میں بھیجیں گے ، بلوچستان پر ایک مزدور کے بچے کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا ایک صاحب حیثیت فرد کے بچے کا ہے۔