لاہور، 23 اپریل ( اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر 9 سے 15 سال کی بچیوں کیلئے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لئے پہلی مرتبہ چند ماہ میں ویکسین کا اجراء کیا جارہا ہے، کینسر کی ویکسینیشن سے بچیوں میں بچہ دانی کے کینسر سے مکمل تحفظ ملے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی ہیلتھ دفتر میں واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔واک میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار احمد، پروگرام مینیجرز سمیت عالمی ادارہ صحت و یونیسیف کے نمائندگان نے شرکت کی۔
واک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات پوری دنیا میں میں 24 سے 30 اپریل تک منایا جاتا ہے۔ یہ ہفتہ ویکسین کے فوائد کے بارے میں آگہی کا بہترین موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر نو سے 15 سال کی بچیوں کیلئے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لئے پہلی مرتبہ چند ماہ میں ویکسین کا اجراء کیا جارہا ہے، کینسر کی ویکسینیشن سے بچیوں میں بچہ دانی کے کینسر سے مکمل تحفظ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کا موضوع “ہر ممکن طور پر: حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے جانیں بچانا” ہے۔
وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ سال 2024 میں توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات اپنی 50 ویں سالگرہ منا رہا ہے ۔توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کا آغاز 1974 میں عالمی ادارہ صحت نے کیا ۔انہوں نے کہا کہ معاشی سماجی اور جغرافیائی حالات سے قطع نظر ویکسین ہر بچے کا حق ہے ۔ پنجاب میں بچوں کو بارہ مہلک بیماریوں کے خلاف مفت ویکسی نیشن دی جاتی ہیں۔ پروگرام کا ہدف سالانہ چالیس لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہے ۔