اقوام متحدہ،02اپریل (اے پی پی):پاکستان اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کمیشن کے 2024 کے اجلاس کا متفقہ طور پر چیئرمین منتخب ہو گیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ذیلی ادارہ کے طور پر کمیشن تخفیف اسلحہ کے حوالے سے مختلف امور پر سفارشات پیش کرتا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب ایمبیسیڈر عثمان جدون نے کمیشن کے 2024 کے اجلاس کی سربراہی کے لئے منتخب ہونے کے بعد مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی اقدار اور کثیر الجہتی سفارتکاری کی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے میں ایک ایماندار ثالث اور مذاکرات کا سہولت کار بنوں گا۔انہوں نے مندوبین سے کہاکہ میں آپ کی بات تحمل اور توجہ سے سنوں گا اور دستیاب وقت کو موثر طریقے سے استعمال کرنے کے لئے توسیعی بیورو کے ممبران کے ساتھ تعاون کروں گا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل اور تخفیف اسلحہ کے امور کی اعلیٰ نمائندہ ایزومی ناکامٹسو بھی موجود تھیں۔
عثمان جدون نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کمیشن کے 2024 کے اہم اجلاس کے چیئرپرسن کے طور پر منتخب ہونا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایشیا پیسیفک گروپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے اس عہدے کے لیے نامزد کیا اور اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس سال کمیشن کے اجلاس کی قیادت کے لیے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔سفیر جدون نے کہا کہ اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کی مشینری نے ماضی میں بھی اتنے ہی مشکل وقت میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور موجودہ دور میں بھی سیاسی عزم اور توجہ کے ساتھ ایسا کرنے کے لئے اچھی طرح سے تیار ہے،ہمیں باہمی احترام پر مبنی لچکدار رویوں اور اتفاق رائے پر مبنی اور جامع حل کے لئے سب کے سلامتی کے خدشات کی حقیقی تفہیم کی ضرورت ہے۔