اسلام آباد ،04 اپریل (اے پی پی): پاکستان اور جاپان کی حکومتوں کے درمیان دو جاپانی گرانٹ امدادی منصوبوں کے حوالے سے نوٹس کے تبادلے اور گرانٹ کے معاہدوں بعنوان، ”سکھر سٹی میں موسمی نگرانی کے ریڈار کی تنصیب” اور ”سندھ میں زچہ و بچہ کی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کی توسیع ” پر دستخط کی تقریب جمعرات کو یہاں وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔
معاہدے کے تحت حکومت جاپان نے سکھر شہر میں موسمی نگرانی کے ریڈار کی تنصیب کے لیے جاپانی ین 832 ملین ( 4.5 ملین امیریکن ڈالر) کی اضافی گرانٹ کی رقم اور جاپانی ین 671 ملین (4.4 ملین امیریکن ڈالر) میں ماں اور بچے کی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کی توسیع کے لیے سندھ، حکومت پاکستان کو جائیکا کے ذریعے فراہم کی ہے۔
ان امدادی منصوبوں کا مقصد موسمیاتی مشاہدے، موسم کی پیشن گوئی /انتباہات کی ترسیل میں پاکستان کے محکمہ موسمیات کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور لیاقت یونیورسٹی ہسپتال، حیدرآباد/جامشورو، سندھ میں بچوں کے اسپتال اور ایم سی ایچ سینٹر میں طبی خدمات کوبہتر بنانا ہے۔
منصوبوں کے نوٹس پر ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری، اقتصادی امور ڈویژن اور پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا میتسوہیرو اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے دستخط اور تبادلہ کیا جبکہ گرانٹ کے معاہدوں پر سعید اشرف صدیقی، جوائنٹ سیکریٹری قتصادی امور ڈویژن اور میاتا نواکی، چیف نمائندہ، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی پاکستان نے دستخط کیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر کاظم نیاز نے دونوں فریقین کے مابین مزید بامقصد تعاون کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ حکومت اور جاپان کے عوام کو ان کی گرانقدر حمایت کو سراہا۔
پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا میتسوہیرونے اس موقع پر دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا یقین دلایا۔