ساہیوال، 21 اپریل( اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی /کنوینئر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور عوام کی خدمت موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ عوام کو مہنگائی سے چھٹکارہ دلانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں تعینات تمام افسران قابل اور ماتھے کا جھومر ہیں اور ہمیں سب کو ملکر ایک خاندان کی طرح ساہیوال کے باسیوں کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرینز کا مکمل تعاون انتظامیہ کے ساتھ ہے اس لئے افسران کو چاہیے کہ پسند اور نا پسند سے نکل کر عوام کی خدمت کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے منٹگمری ہال میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران ڈی پی او فیصل شہزاد نے ساہیوال میں لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام کوششیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو شہر کا ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
ایم این اے پیر سید عمران احمد شاہ نے شہر میں پارکنگ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی آگہی کے لئے نوپارکنگ کے بورڈز لگائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کے دوران کسی بے قصور کو تنگ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کے لئے مختلف دیہاتوں اور شہروں میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے۔
ایم پی اے محمد ارشد ملک نے کہا کہ شہر میں پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی ٹائم لائن دی جائے اور ٹیوب ویلز اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں لگائے گئے ٹریفک سگنلز کو بھی جلد از جلد فنگشنل کیا جائے۔
ملک قاسم ندیم نے کہا کہ شہر میں منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ نوید اسلم خان لودھی نے کہا کہ ہڑپہ روڈ پر ریسکیو 1122کی ایمبولینس کھڑی کی جائے تاکہ حادثہ کی صورت میں فوری ریسپانس دیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران گندم خریداری مہم کا بھی جائزہ لیا گیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نے بتایا کہ ساہیوال میں کاشتکاروں کو باردانہ کی فراہمی جلد شروع ہو جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبران سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔