قصور۔3جولائی(اے پی پی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گندم اُگاؤ پروگرام 2024-25کے تحت محکمہ زراعت توسیع قصور کے زیرِ اہتمام ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کے زیر نگرانی ضلع قصور کے 19 کامیاب کاشتکاروں میں حکومت پنجاب کی طرف سے فری ٹریکٹر تقسیم کرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد ضلع کونسل ہال قصور میں کیا گیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی /چیئرمین وزیراعلیٰ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ایم پی اے احسن رضا، اے ڈی سی جی سلمون ایوب،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع ظہور الحسن اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی حاجی محمدنعیم صفدر انصاری نے حکومت پنجاب کی طرف سے زراعت کے شعبے میں کاشتکار بھائیوں کو دی جانے والی بہت ساری مراعات کا ذکر کیا اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زراعت کے شعبے میں دلچسپی رکھنا اور اس کو ترقی دینے کے لیے بہت سارے اقدامات لائق تحسین ہیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی اقدامات بروئے کار لارہی ہیں اور کسانوں کو میرٹ پر جدید زرعی مشینری فراہم کی جارہی ہیں تاکہ زراعت کے شعبہ میں جدت لاکر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنایا جاسکے۔ تقریب کے اختتام پر تمام کامیاب کاشتکاروں کو اونر شپ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور ٹریکٹر کی چابیاں بھی کاشتکار بھائیوں کے حوالے کی گئیں۔











