پشاور کا گورنر ہاؤس عید کے دوسرے روز بھی عوام کیلئے کھلا رہا

26

پشاور،11 اپریل(اے پی پی) پشاور کا گورنر ہاؤس عیدالفطر کے دوسرے دن بھی ہر خاص و عام کیلئے کھلا ہوا ہے،جہاں عید کے دوسرے روز بھی سیاسی، سماجی، صحافی،سرکاری شخصیات سمیت کثیر تعداد میں لوگوں کی گورنر ہاؤس آمد جاری رہی جبکہ گورنر حاجی غلام علی عید کے دوسرے روز بھی عوام کے درمیان موجود تھے اور گورنر ہاؤس آنیوالے مہمانوں کے ساتھ گھل مل کر، عید ملتے رہے۔

گورنر ہاؤس آنیوالے مہمانوں کی عید کے دوسرے روز بھی مٹھائی،  چائے اور شربت سے تواضع جاری رہی اور لوگوں نے حقیقی معنوں میں عید کے دو دن گورنر ہاؤس کھولنے پر دلی مسرت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کے دوران حاجی غلام علی نے عید کے دو دن عید ملنے کے لئے گورنر ہاؤس آنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیاں مل جل کر بانٹنے کیلئے عید کے پہلے دن اور آج دوسرے روز بھی عوام کیلئے گورنر ہاؤس کو کھولا ہوا ہے، تاکہ گزشتہ سال کیطرح  امسال بھی عیدالفطر پر گورنر ہاؤس کو عام عوام کیلئے کھول کر انکی خوشیوں کو دوبالا کیا جاسکے۔