ہرنائی،18 اپریل(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد جاوید ڈومکی نے ہرنائی کوئٹہ روڈ پر جاری کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد جاوید ڈومکی نے کہا کہ اس وقت شدید طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہرنائی کے مختلف شاہراہیں متاثر ہوئی ہیں ، جس پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے ، جلد سے جلد بڑی گاڑیوں کے لیے روڈ کلیئر ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کردیا ہے کہ دو سے تین دن مزید تیز بارشوں کا امکان ہے ، ضلعی انتظامیہ نے تمام محکموں کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ اپنے سٹاف اور مشینری کو الرٹ رکھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد جاوید ڈومکی نے ضلع کے تمام عوام سے اپیل کی ہےکہ وہ بارشوں کے دوران ندی نالوں سے دور رہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں۔
اس موقع پر ایکسین بی اینڈ آر شوکت پرکانی، چیئرمین میونسپل کمیٹی شاہرگ عطاء اللہ شاہ ودیگر ان کے ہمراہ تھے۔