سکھر,24اپریل(اے پی پی)ڈی آئی جی عبدالحمید کھوسہ سے ہندو کمیونٹی کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سکھر کی ہندو کمیونٹی کے ایک نمائندہ وفد نے ڈی آئی جی عبدالحمید کھوسہ سے ملاقات کی، وفد کی قیادت مکھی ایشورلال نے کی، وفد میں جنرل سیکریٹری ہندو کمیونٹی چندر بھان ، وکی کمار ، ماندھو مل ، اشوک کمار، واسو مل ،لڈھو مل، پرب داس اور دیگر شاملِ تھے۔ ڈی آئی جی کے ساتھ ھندو کمیونیٹی کے وفد کی میٹنگ میں ایس ایس پی عابد علی بلوچ ،ایس ایس پی خیرپور زبیر نظیر شیخ اور ایس ایس پی گھوٹکی سمیر نور چنا بھی موجود تھے۔
ملاقات میں امن و امان و دیگر معاملاتِ پر اظہار خیال کیا گیا۔ ڈی آئی جی نے رینج کے تینوں ایس ایس پیز کو ھندو کمیونیٹی کو درپیش مسائل فوری حل کرنے کے ساتھ ساتھ انکے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی اور ان کے ساتھ رابطہ میں رہنے کے احکاماتِ جاری کیے۔ ڈی آئی جی عبدالحمید کھوسہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندو بزنس کمیونٹی کا ملکی ترقی میں انتہائی اہم کردار ہے، پولیس آپ سمیت تمام شہریوں کی تحفظ کی ضامن ہے۔ ہندو کمیونٹی کے سربراہ مکھی ایشور لال و دیگر رنماوں نے ملاقات کے دوران مسائل حل کرنے کیلئے احکامات جاری کرنے پر ڈی آئی جی سکھر عبدالحمید کھوسہ کا شکریہ ادا کیا۔











