کوئٹہ،29اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ اور صوبائی وزیر زراعت میر علی مدد جتک نے پی آر سی سینٹر کوئٹہ کا دورہ کیا، اس موقع پر دونوں وزراء نے سینٹر میں موجود گندم کا معائنہ کیا ۔
اس موقع پر پی آر سی سینٹر کے انچارج عبد الحفیظ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سینٹر میں موجود گودام میں چار لاکھ ٹن تک گندم ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے اور اس کے علاؤہ اگر سینٹر کے کھلے میدان میں گندم ذخیرہ کرنے کیلئے جگہ بنائی جائے تو اس جگہ ہم مذید ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم ذخیرہ کرسکتے ہیں۔
صوبائی وزیر زراعت میر علی مدد جتک نے کہا کہ پچھلے دور حکومت میں جب وہ وزیر خوراک تھے تو اس وقت ان گوداموں کی حالت ایسی تھی جو آج دس بارہ سال گزرنے کے باوجود ان گوداموں کی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔انہوں نے گوداموں کی خستہ حالی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کی کہ ان گوداموں کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
وزیر خوراک نور محمد دمڑ نے بھی سینٹر انچارج و دیگر متعلقہ لوگوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ گوداموں کی بہتری سمیت گندم کی فراہمی کو متعلقہ فلور ملوں اور آٹا چکی کے دکانوں کو یقینی بنائی جائے تاکہ گوداموں میں موجود گندم خراب ہونے سے بچ جائے،جب انہیں حکومت کے گوداموں میں فراہمی کیلئے گندم موجود ہے لیکن وہ یہاں سے خریدنے کی زحمت نہیں کرتے ۔
صوبائی وزیر خوراک نے ہدایت کی کہ متعلقہ فلور ملوں اور آٹا چکی مالکان کو اطلاع دی جائے کہ وہ مقررہ کوٹہ کے مطابق اپنے حصے کا گندم لے جائیں ورنہ دوسری صورت میں ان کے کوٹہ میں بالترتیب 25 فیصد، 50 فیصد اور اسی طرح 75 فیصد کٹوتی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ پی آر سی سینٹر بہتری کیلئے وقتاً فوقتاً جائزہ لیتے رہیں گے اور کسی قسم کی غفلت و کوتاہی پر متعلقہ لوگوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔