کوئٹہ، 25 اپریل (اے پی پی): وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے وزیر داخلہ بلوچستان کا استقبال کیا، سینٹرل پولیس آفس آمد کے موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے وزیر داخلہ کو سلامی دی،وزیر داخلہ نے یادگار شہداءپولیس پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
وزیر داخلہ نے سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم،پولیس لائبریری،وومن ڈے کئیر سنٹر،پولیس آرکائیو سنٹر کا بھی دورہِ کیا۔آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قیام امن اور عوام کے تحفظ جیسے اقدامات میں پولیس انتہائی پرعزم اور چوکنا رہتے ہوئے مصروف عمل ہیں۔ امن و امان کا قیام،عوام کا تحفظ فراہم کرنا پولیس کے فرائض میں شامل ہے پولیس کے ایک ہزار سے زاہد افسران نے اس جنگ میں جام شہادت نوش کیا ہے جبکہ آئی جی پولیس نے مختلف پراجیکٹس سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی سیف سٹی پروجیکٹ پر جاری کام پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے کہا کہ دنیا میں جو چلینجیز ہماری پولیس کو درپیش ہے کسی اور کو نہیں قیام امن اور عوام کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک ختم کرنے کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کو چیک پوسٹوں پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور ہمیں دہشت گردی کا شکار صوبے کو دہشت گردوں سے نجات دلانا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر اداروں کو تمام وسائل فراہم کی جائیں گی لیکن رزلٹ میں جرائم کا خاتمہ چاہتے ہیں 25 سال سے زائد ہو گئے ابھی تک ہم دہشت گردی کو مکمل ختم کرنے میں ناکام رہے اور اب فیصلہ کن جنگ کرنا پڑے گا ہمیں اپنے فورسز پر فخر ہے۔
وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے کہا کہ قوم یا معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لیے سب سے اہم امن و امان کی صورتحال ہوتی ہےجو بھی قومیں ترقی کرنا چاہتی ہیں وہ سب سے پہلے اپنے ہاں امن قائم کرتی ہیں۔صوبے کے امن کو پائیدار اور مستحکم بنانے میں پولیس کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔