بیجنگ، 09مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کی پاور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن میں مہارت رکھنے والی تین اعلیٰ چینی کمپنیوں سے ملاقات جمعرات کو ہوئی ، ملاقات میں شامل کمپنیوں میں پاور چائنا، ٹی بی ای اے لمیٹڈ، اور الیکٹرک پاور پلاننگ اینڈ انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ (ای پی پی ای آئی)، شامل ہیں ۔ ملاقات بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں ہوئی۔
چینی کمپنیوں نے پاکستانی وفد کو پاور ٹرانسمیشن میں اپنی مہارت پر مبنی بریفننگ دی اور دوسرے ممالک میں اپنی مہارت کے عملی اطلاق کا اشتراک کیا۔
چینی ماہرین اگلے ہفتے بیجنگ کا دورہ کرنے والے پاکستانی پاور سیکٹر کے حکام سے ملاقات کریں گے۔چینی کمپنیاں پاکستان کے پاور سیکٹر سے متعلق تفصیلی ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے سوالات کی فہرست بھی شیئر کریں گی۔
چینی ماہرین توانائی اور پیٹرولیم کے وفاقی وزراء سے آئندہ ہفتے بیجنگ میں ملاقات کریں گے۔
چینی کمپنیاں پاکستان کے پاور سیکٹر کو درپیش مسائل کا مطالعہ کرنے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گی۔