عازمین حج کی پہلی تین حج پروازیں سعودی عرب پہنچ گئی،فلائٹ آپریشن 9 جون جاری رہے گا

35

اسلام آباد ،09 مئی(اے پی پی): پاکستان سے آنے والے عازمین حج کی پہلی تین حج پروازیں سعودی عرب پہنچ گئی۔ سب سے پہلی فلائٹ کراچی سے PA-176 کے ذریعے 179 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے جبکہ کراچی ہی سے PF-754 دوسری پرواز کے ذریعے  151 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے جبکہ اسلام آباد سے PA-276 تیسری پرواز کے ذریعے 200 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے۔

 حج 2024 کیلئے فلائٹ آپریشن  9 مئی تا 9 جون جاری رہے گا،پہلے 15 روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ ایئرپورٹ اتریں گی جبکہ 24 مئی تا 9 جون بیشتر پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر اتریں گی۔

فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہونگے جن میں سے اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 اور کراچی سے 02 پروازوں کے ذریعے 330 مسافر روانہ ہوں گے۔لاہور سے 03 پروازوں کے ذریعے 670 مسافر، ملتان سے دو پروازوں کے ذریعے 329 مسافر جبکہ سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 عازمینِ کرام مدینہ منورہ پہنچیں گے۔

کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11 مئی جبکہ سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہو گی۔مجموعی طور پر 259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے۔

حج فلائٹ آپریشن 9 جون کو اختتام پذیر ہو گا،20 جون کو پہلی پرواز حجاجِ کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔