اسلام ہمیں احترام انسانیت اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے؛مولانا عبدالخبیر آزاد

29

فیصل آباد ، 02 مئی (اے پی پی): چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان وخطیب و امام بادشاہی مسجد لاہورمولانا سید محمدعبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں احترام انسانیت اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے،تمام الہامی کتب ، قرآن کریم اور انبیائے کرام کی عزت وتکریم ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

ان خیالات  کا  اظہار  انہوں نے  جمعرات  کو یہاں  انٹرفیتھ کونسل فار پیس اینڈ ہارمنی پاکستان اور مجلس علمائے پاکستان کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس  سے خطاب میں کیا۔

 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے، علمائے کرام و دیگر مذاہب عالم کے راہنمائے محراب و منبر اور دیگر عبادت گاہوں سے محبت اور قومی یکجہتی کی آواز کو بلند کریں اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں، آج ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو انتشار، دہشت گردی، فرقہ واریت سے پاک پاکستان بنانا ہے، وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہوا کرتی ہے۔

مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ آج علمائے کرام، دیگر ادیان عالم کے راہنما اور پوری قوم اپنی بہادر، نڈر مسلح افواج اورسیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جودل آزاری کا سبب بنے والی پوسٹیں لگا کر پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے اس کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا اور ہر طرح کی سازشوں کا قلع قمع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان، پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی، فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کی کمر کوتوڑا ہے، پیغام پاکستان کو ہم محراب و منبر کے ذریعے ہر گھر کی آواز بنائیں گے، یہ وہ فتویٰ ہے جس پر تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام اور مفتیان عظام کے دس ہزار سے زائد دستخط موجود ہیں اور یہ وہ فتویٰ ہے جس کو قرآن وسنت کی روشنی میں بنایا گیا ہے۔

مولانا سیدمحمدعبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آج انسانی حقوق کی جو پامالی اسرائیل غزہ فلسطین میں کر رہا ہے وہ ساری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے ، آج پوری اُمہ و انسانیت کومتحد ہو کر اس کاجواب دینا ہوگا، اسرائیل کے اس بدترین ظلم کو تاریخ بھی نہیں بھلائے گی۔

کانفرنس کے آخر میں مذہبی ہم آہنگی ، رواداری، پاکستان کی سلامتی، ترقی وخوشحالی، استحکام، حرمین شریفین کے تحفظ ، افواج پاکستان کے شہداء ، مقبوضہ کشمیراور غزہ فسلطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔