الخدمت فاونڈیشن نے جدید سہولیات سے آراستہ 50 بستروں پر مشتمل الخدمت ہسپتال بنوں کا افتتاح کردیا

86

 پشاور، 23مئی(اے پی پی): الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا نے ضلع بنوں کے عوام کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے منڈان روڈ پر ڈیڑھ کنال رقبے پر تعمیر ہونے والے تین منزلہ الخدمت ہسپتال بنوں کا افتتاح کردیا جس کی تعمیر پر 15کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور اس ہسپتال میں بنوں اور گردونواح کے دیگر اضلاع کے مکینوں کو بہترین طبی سہولیات میسر ہوں گی۔

الخدمت ہسپتال بنوں کی افتتاحی تقریب بالمقابل مرکز الاسلامی منڈان روڈ پر الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان مہمان خصوصی تھے۔

 تقریب میں الخدمت ہیلتھ فاونڈیشن پاکستان کے چیرمین پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف، جنرل منیجرسفیان احمد خان، جماعت اسلامی بنوں کے امیر پروفیسر اجمل خان، الخدمت کے ضلعی صدر جلال شاہ ایڈوکیٹ، الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی میڈیا منیجر نورالواحد جدون، ڈپٹی ہیلتھ منیجر زاہدعلی، ڈائریکٹر الخدمت ہسپتال چارسدہ نورحسین ،ڈسٹرکٹ باربنوں کے نائب صدر مطیع اللہ جان ایڈوکیٹ اور حاجی اخترعلی شاہ سمیت معززین بنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن گزشتہ دو عشروں سے ضلع بنوں میں تسلسل کے ساتھ خدمت حلق کا کام کررہی ہے۔

الخدمت ہسپتال کرایہ کی عمارت میں یہاں کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لٸے کوشاں تھی ہسپتال کی عمارت پر کام کاآغاز ہوتے ہی عالمی وباء کورونا کی وجہ سے تعمیراتی کام متاثر رہا اور اب ہسپتال  عمارت کی تعمیر اور طبی آلات کی تنصیب کا کام مکمل ہونے کے بعد اس ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔

مقررین نے کہا کہ ہسپتال میں گائنی اور پیڈزیونٹ سمیت زنانہ جنرل سرجن،الٹراساونڈ،جنرل سرجری،جدیدڈائیگناسٹک لیب،جدید لیبرروم و آپریشن تھیٹر،زنانہ ومردانہ وارڈز،فارمیسی اور24گھنٹے ایمرجنسی سہولیات کے علاوہ ایمبولینس سروس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی بنوں شہر میں مسلسل لوڈشیڈنگ کے غذاب سے نجات اور مریضوں کو تسلسل کے ساتھ بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہسپتال کو سولرسسٹم کے زریعے بجلی کی فراہمی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔