انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کا نشتر ہسپتال کا دورہ

2

ملتان،02 مئی(اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نشتر ہسپتال کا دورہ کیا اور گزشتہ رات تونسہ میں جھنگی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے زیر علاج اہلکاروں کی عیادت کی۔

آئی جی پنجاب نے زیر علاج جوانوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور انہوں نے جوانوں کی بہادری پر ان کو خراجِ تحسین پیش کیا  اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا  زیر علاج جوانوں کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ان کو پسپا کر کے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے اور ان کے حملے کو پسپا کرنے پر تمام جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کہا کہ یہ جوان ہمارا فخر ہیں جو اپنی قوم کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید  کہا کہ ہم ملک میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اس موقع پرایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان، کمشنر ملتان مریم خان، ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹیز  ڈی آئی جی محمد احسن یونس، آر پی او ملتان کیپٹن ر محمد سہیل چودھری، سی پی او ملتان صادق علی اور ایس ایس پی آپریشنز ملتان ارسلان زاہد ان کے ہمراہ تھے۔

گزشتہ رات تونسہ شریف کی چوکی جھنگی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کو پولیس جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ناکام بنا دیا اس دوران پولیس کے 07 جوان زخمی ہوئے جن میں 03 جوانوں کا تعلق ایلیٹ فورس ملتان سے ہے جو نشتر میں زیر علاج ہیں زیر علاج جوانوں میں اے ایس آئی عمران، کانسٹیبل شاہد منظور اور محمد طارق شامل ہیں۔