آزاد کشمیر کے معاملے میں وزیراعظم کے بروقت نوٹس نے سانحہ سے بچا لیا، دشمن کو ذلت کا سامنا کرنا پڑا؛ عطا تارڑ

29

 

اسلام آباد، 14  مئی  (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے  کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے  معاملے میں  وزیراعظم پاکستان کے بروقت نوٹس نے سانحہ سے بچا لیا، جس سے دشمن کو ذلت کا سامنا کرنا پڑا۔

منگل کو یہاں  وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیر اطلاعات نے بتایا کہ گزشتہ روز کے اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت تمام سیاسی قیادت موجود تھی، وزیر اعظم نے تمام اتحادی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو بلا کر ان کی آراءکو سنا، تمام سیاسی قیادت اور وفاقی وزراء نے باہمی افہام و تفہیم سے معاملات کو حل کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا حکومتی اقدامات سے مہنگائی کا جن قابو میں آ رہا ہے، بیرونی سرمایہ کاری دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، سٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈ توڑ رہی ہے، معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی دشمنوں سمیت کسی کو ہضم نہیں ہو رہی اور ہم ہر سازش کو اللہ کے فضل سے ناکام بنائیں گے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ہے، وفاقی حکومت کی گرانٹ سے آزاد کشمیر حکومت کے معاملات چلائے جاتے ہیں، کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے خاندان کی مکمل کفالت کریں گے۔