اسلام آباد،14 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ سے مشن ڈائریکٹر، یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ویرایا کیٹ نے منگل کو یہاں ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ .
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور تزویراتی شراکت داری کا اعتراف کیااور سیلاب 2022 کے متاثرین کے لیے امریکا کی مدد کو سراہتے ہوئے توانائی، اقتصادی ترقی،تعلیم، صحت اور نارکوٹکس کنٹرول سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے امریکی اقتصادی امداد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے ترقیاتی مقصدی امداد کے معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا، جو کہ ایک ترقیاتی معاہدہ ہے، جس پر تقریباً 13 سال بعد دونوں ممالک کے درمیان دستخط ہوئے ہیں۔
مشن ڈائریکٹر یو ایس ایڈ نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ کا شکریہ ادا کیا اور امریکہ کی جانب سے ترقیاتی امداد کے ذریعے باہمی متفقہ ترجیحی شعبوں میں پاکستان کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور یو ایس ایڈ کے ذریعے امریکی حکومت کی طرف سے مالی اعانت فراہم کرنے والے جاری ترقیاتی پورٹ فولیو پر عملدرآمد کی پیشرفت سے مزید آگاہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ امریکی حکومت پاکستان کے اقتصادی اور ترقیاتی مقاصد کے حصول میں مدد کے لیے ہمیشہ دستیاب رہے گی۔
وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان اور یو ایس ایڈ کی جانب سے سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حکومت پاکستان کو مسلسل تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے جاری منصوبوں کے موثر نفاذ اور جائزہ کے لیے یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (یو ایس ایڈ)کے ساتھ قریبی تعاون کا یقین دلایا۔











