کوئٹہ،08 مئی (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ میرجمال خان رئیسانی نے بولان میڈیکل کمپلیکس میں تھیلیسیمیا سینٹر کا دورہ کیا، دورے کے موقع پر ایم ایس بولان میڈیکل کمپلیکس اور تھیلیسیمیا سینٹر کے نگران نے بریفنگ دی ۔
نوابزادہ جمال رئیسانی نے تھیلیسیمیاکےشکاربچوں سےملاقات کی ،نوابزادہ جمال رئیسانی نے ‘’ یوم تھیلیسیمیا’’ پر خون کا عطیہ بھی دیا اور بچوں کی ساتھ کیک کاٹا۔
اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ میرجمال خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،معیاری صحت کی سہولیات کےفقدان اورغربت کےباعث سیکڑوں بچوں کاعلاج نہیں ہوپاتا ہے جبکہ دور درازعلاقوں کےغریب لوگ نجی اسپتالوں میں تھیلیسمیا کےعلاج کا خرچ برداشت نہیں کرپاتے۔
نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ حکومت بلوچستان پرائیوٹ سیکٹراورسول سوسائٹی بھی نئےبلڈبینکس اور تھیلیسیمیا سینٹرز کے قیام میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بسنےوالےہرشخص سے ان بچوں کیلیے خون کے عطیات دینے کی درخواست کرتا ہوں کہ آپ کے خون کےعطیات زندگی اور موت کی جنگ میں مبتلابچوں کےلیےامیدکی کرن ہے۔