دریاخان،13 مئی (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شعبہ صحت کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کا تسلسل برقرار، پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح بھکر میں بھی کلینک آن وہیل پروجیکٹ کا آغاز کردیا گیا ہے جس کا باقاعدہ طور پر افتتاح ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے بستی اسماعیل والی میں کیا۔
ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے دور افتادہ علاقوں میں صحت کی سہولیات لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی، اس سلسلہ میں ابتدائی مرحلہ میں ضلع بھکر کو تین ایمبولینسز فراہم کردی گئی ہیں جو طبی عملہ کے ہمراہ تین اربن یونین کونسلز 1,2,3 میں روزانہ کی بنیاد پر طبی کیمپس لگائے جائیں گے جہاں پر روٹین کا چیک اپ ،بچوں کاعلاج معالجہ ،فیملی پلاننگ ،شوگر،ہیپاٹائٹس بی سی کے ٹیسٹ،حاملہ خواتین کا چیک اپ سمیت مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے شعبہ صحت میں اس انقلابی اقدام سے جہاں دیہی علاقوں کے لوگوں کو علاج معالجہ کی عمدہ سہولیات گھر کی دہلیز پر میسر ہونگی ساتھ ہی ساتھ مذکورہ سہولت سے ہسپتالوں میں بھی مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوگی جس سے ہسپتال میں علاج معالجہ کی سروسز میں مزید بہتری آئے گی ۔
ڈپٹی کمشنر نے پروگرام کی انچارج ڈاکٹر یاسمین نیازی کو ہدایات جاری کی کہ پروگرام کی افادیت سے عوام الناس کو مستفید کرنے کیلئے چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو مزید مربوط و موثر بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقے کے لوگوں کو حکومتی ریلیف سے مستفید کیا جاسکے ۔
اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو ظفرحسن نقوی ،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر یاسمین نیازی بھی موجود تھیں۔