لاہور، 30 مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام نرسنگ کالجز کی ری ویمپنگ انتہائی خوش آئند ہے، نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ورلڈ نرسز ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی جی نرسنگ پنجاب اور صوبہ بھر سے نرسوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن نرسوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا ہے۔ نرسیں ہسپتالوں میں داخل مریضوں کی خدمت کرتی ہیں۔ نرسنگ شعبہ نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ نرسنگ ایک مشکل پروفیشن ہے۔ نرسنگ شعبہ میں جدید اصلاحات لا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ تمام نرسنگ کالجز کی ری ویمپنگ انتہائی خوش آئند ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صحت کارڈ کو انشاء اللہ بہتر شکل میں لانچ کریں گے۔ صحت کارڈ کی حد کو دس لاکھ روپے سے بڑھا رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہماری نرسز پاکستان سمیت پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔ ہمیں نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔











