جوہرآباد؛سانحہ 9مئی کے خلاف اور مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی  کیلئے  احتجاجی ریلی نکالی گئی

25

جوہرآباد،09 مئی (اے پی پی ):سانحہ 9مئی کے خلاف اور مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی  کیلئے  پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی،  ریلی کی قیادت ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان اور مسلم لیگ ن کے ضلعی صدرڈاکٹر غوث محمد خان نیازی نے کی ۔ریلی جہاز چوک سے شروع ہوکر کالج چوک جوہرآباد پر ختم ہوئی جہاں ایک احتجاجی جلسہ ہوا۔

جلسے سےخطاب کرتے ہوئے  ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان نے کہاکہ 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن  ہے  جب ایک آمرانہ سوچ اور ذہنیت کے حامل شخص کےایماپر پاکستان کی سلامتی کے اداروں پر حملہ کیا گیا، شہداکی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ، قومی املاک اور فوجی تنصیبات پر حملہ کیا گیا،  یہ سب کچھ پاکستانی قوم کے لئےناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔

  ضلعی صدر مسلم لیگ ن ڈاکٹر غوث محمد خان نیاذی  مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے ضلعی صدر ملک سعد بشیراعوان مسلم لیگ ن لائرزونگ کے ضلعی صدر چودھری ارشدمحمود ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ ریلی میں پارٹی ورکرز ،تاجروں، علما مشائخ ،طلبا سمیت مختلف شعبہ ہائےزندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 ریلی کے شرکا نے بڑے بڑے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی  اور سانحہ 9مئی کے ذمہ دارں کے خلاف نعرے درج تھے۔