حب،18 مئی (اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت بلوچستان سردار زادہ فیصل خان جمالی نے جام غلام قادر سول ہسپتال حب كا دورہ کیا،انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔وزیر صحت نے سول ہسپتال جام غلام قادر حب کے مختلف حصوں بشمول شعبہ حادثات، گائنی، سرجری، میڈیسن، پیڈز وارڈ کے علاوہ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر، لیبارٹری، ایکسرے ڈپارٹمنٹ، آپتھا لمولجی اور ڈینٹل ڈپارٹمنٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔
صوبائی وزیر سردار زادہ فیصل خان جمالی نے علمی ادارہ صحت کی تعاون سے بچوں کی انتہائی نگہداشت یونٹ اور غذائی کمی کے شکار بچوں کی علاج مرکز کا دورہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجے کے متعلق معلومات حاصل کی ۔
سردار زادہ فیصل خان جمالی نے نرسنگ کالج حب کا بھی دورہ کیا اور نرسنگ کالج کی طالبات کو کالج بلڈنگ اور دوسری مشکلات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر جام غلام قادر ہسپتال اور ضلع حب کے دوسرے مراکز صحت کی کارکردگی اور محکمہ صحت ضلع حب کو درپیش مسائل پر ڈی ایچ او حب ڈاکٹر عبدالغنی بلوچ نے تفصیلی بریفنگ دی جس پر وزیر صحت سردار زادہ فیصل خان جمالی نے یقین دلایا کہ سول ہسپتال جام قادر حب اور ضلع کے صحت کے مسائل بشمول بلوچستان کے تمام علاقوں میں ہماری کوشش رہے گی کہ غریب نادر افراد کو ان کی دہلیز تک علاج معالجے کی بہترین سہولیات پہنچائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم معاشرے کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور صحت کے شعبے میں پورے بلوچستان میں ہماری محنت جاری رہے گی۔
اس دوران ایم ایس ڈاکٹر ناصر شیخ اور صوبائی کوآرڈینیٹر برائے توسیع پروگرام حفاظتی ٹیکہ جات ڈاکٹر کمالاں گچکی بھی موجود تھے ۔