ریاست سیاست سے زیادہ اہم ہے ،9 مئی کےکرداروں کوسزاملنی چاہیے؛حافظ طاہر محمود اشرفی

5

 

فیصل آباد، 08 مئی (اے پی پی):پاکستان علماکونسل کے چیئرمین و صدر انٹرنیشنل فیتھ ہارمنی کونسل علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ریاست سیاست سے زیادہ اہم ہے،سانحہ9مئی کو ایک سال مکمل ہورہا ہے مگر قوم کا ایک ایک زخم تازہ ہے اور یہ زخم اس وقت تک تازہ رہیں گے جب تک ملک کی سلامتی اور قوم کی عزت وتوقیر کو داؤ پر لگانے والے کیفر کردار تک نہیں پہنچتے لہٰذا سانحہ9 مئی 2023 کے المناک اور ملکی تاریخ کے بدترین واقعہ میں ملوث اہم کرداروں کو سزا ملنی چاہیے تاکہ آئندہ کسی کو بھی ریاست کی رٹ چیلنج اور اداروں سے ٹکراؤ کی حماقت کرنیوالوں کو دوبارہ اس کے اعادہ کی جرات نہ ہوسکے۔

مرکز جامعہ عثمانیہ رضا آباد فیصل آباد میں مختلف مکاتب فکر کے جید علما و مشائخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام علماکے ساتھ مشاورت کرکے اس امر کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ10 مئی بروز جمعہ کو ملک بھر میں یوم استحکام پاکستان منایا جائے گا اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام اور مذہبی دانشور نماز جمعہ کے خطبات میں اس حوالے سے خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ سانحہ9 مئی کو ایک سال گزر گیا مگر اس پر نہ تو کسی نے معذرت مانگی اور نہ ہی ندامت کا اظہار کیا۔

علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اگر کوئی لیڈر کہے کہ اسے تو فلاں چیز کا علم نہیں تھا اس طرح کوئی بری الذمہ نہیں ہوسکتا کیونکہ لیڈر شپ کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے ورکرز کو دیکھے کہ وہ کیا سوچ اور کیا کررہے ہیں اور ان کی ڈوریں کون ہلا رہا ہے۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ پہلے بھی سیاسی لوگ گرفتار ہوتے رہے ہیں لیکن ایسا واقعہ کبھی نہیں ہواجیسا9 مئی کو کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی ہر پہلو سے مکمل تحقیقات ہونی چاہیے اور اصل سازش کو بے نقاب کرنے سمیت اس المناک سانحہ میں ملوث ایک ایک کردارکوبے نقاب کرکے سزا ملنی چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ فوج ہماری ہے، اس میں ہمارے اپنے لوگ ہیں، یہ ہماری نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں، انہوں نے قدم قدم پرملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں اور یہ ابھی تک دہشت گردوں اور وطن دشمنوں کے سامنے سینہ سپر ہوکر روز اپنی جانوں پر کھیل رہے ہیں، ہم ان کے خلاف کوئی سازش برداشت نہیں کرسکتے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سیاست کبھی ریاست سے بڑی نہیں ہونی چاہیے،ملک اس وقت ترقی کی طرف جارہا ہے لہٰذا اسے بحرانوں سے نکالنے اور معاشی استحکام کی طرف لے جانیوالوں کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایڈ سے ٹریڈ اور انویسٹمنٹ کی طرف جارہے ہیں کیونکہ اسی سے ملکی معاشی استحکام، غربت و بیروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہوگا، پاکستان کی سلامتی اور ملک و قوم کے مستقبل کیلئے ایسے میثاق کی ضرورت ہے کہ جس میں تمام سیاسی جماعتیں جمہوری دائرہ اختیار میں رہیں اور ملکی سلامتی کیلئے خطرات پیدانہ کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ9 مئی کو جو ہوا ایسا پاکستانی تاریخ میں آج تک نہیں ہوا،تمام کردار اور حقائق و شواہد سامنے ہیں، جو گنہگار ہیں انہیں سزا ملنی چاہیے اور اگر کوئی بیگناہ ہے تو اسے رہا ہوناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ نے سینکڑوں نوجوانوں کا مستقبل تباہ کردیا، جو پڑھے لکھے نوجوان اور خواتین اس وقت جیلوں میں ہیں جو انہیں اس نہج تک لایا اس کا محاسبہ اور اس کو جوابدہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے ہمارے عسکری اداروں اورقوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی جو ناقابل معافی جرم ہے۔