ریجنل سربراہ وفاقی محتسب سید محمود علی شاہ کی لاڑکانہ میں سیپکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت

20

سکھر،09مئی(اے پی پی)وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر سکھر کے ریجنل سربراہ وفاقی محتسب سید محمود علی شاہ نے لاڑکانہ میں سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو) اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی، جس میں سیپکو کے خلاف 20 اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف 25 درخواستیں دائر کی گئی ہیں جن میں سے 21 درخواستیں بند کر دی گئیں جبکہ درخواست پر 04 تاریخ دی گئی تھی۔

 ریجنل سربراہ وفاقی محتسب سید محمود علی شاہ نے متعلقہ محکموں کے حکام کو مزید ہدایت کی کہ متاثرین کی شکایات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہ کی جائے۔ انہوں نے درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات پر کارروائی کی جائے گی بصورت دیگر شکایات پر کارروائی نہ کرنے کا کیس وفاقی محتسب کو بھجوایا جائے گا اور حکم کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پرایس ڈی او چانڈکا اصغر شیخ، ریونیو آفیسر اعجاز علی، سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈپٹی منیجر سعید احمد کوریجو اور شکایت کنندگان بھی موجود تھے۔