فیصل آباد،09مئی (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ(ن) علماو مشائخ ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا ہے کہ سانحہ9 مئی کے ذمہ داران کو سزا ملنی چاہئے،پاکستانی عوام افواج پاکستان سمیت سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،علماو مشائخ سانحہ9 مئی کی مذمت اور پاک فوج سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں،7سال سے پاکستان غیرملکی دشمن طاقتوں کے نشانے پر ہے لیکن پہلے بھی نفرت پھیلانے کی تمام سازشیں ناکام ہوئی تھیں اور اب بھی قوم اور اداروں کے بہترین تعلقات میں رخنہ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔
جمعرات کو یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن)علما و مشائخ ونگ کے کو آر ڈینیٹر فیصل آباد محمد عامر مکی، صاحبزادہ عمر فاروق و دیگر نامور علما و مشائخ کے ہمراہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے اظہار یکجہتی اور سانحہ 9 مئی کا ایک سال مکمل ہونے کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ2018میں ایک فتنہ چور دروازے سے اقتدار میں آیااور اس جماعت کے ہٹ دھرم و متشدد سربراہ نے نفرت پھیلائی،اس شخص اور اسکی دہشت گرد جماعت نے جناح ہاؤس، میانوالی ایئر بیس و دیگر قومی سلامتی کے اداروں کے مقامات پر حملہ کیا، یہ ملکی دفاع، سالمیت اور 24 کروڑ عوام پر حملہ تھا، جس طرح عراق،شام کی طرزپر فوج اور عوام کو لڑانے کی سازش کی گئی اسی طرح یہاں کرنے کا پلام مرتب کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ عوام سنی سنائی باتوں اور افواہ سازی سے بچیں، موجودہ حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اورہم پاک فوج کی ملک و قوم کیلئے قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔