ملتان،23 مئی(اے پی پی):سرکاری سکولوں میں سٹوڈنٹ کونسلز کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کا انعقاد گورنمنٹ کمپری ہینسوہائی سکول گلگشت میں کیا گیا،تقریب کے مہمانان خصو صی سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر اور ڈپٹی کمشنر ملتان کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر تھے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے سٹوڈنٹ کونسلز کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔سٹوڈنٹ کونسلز کے عہدیداروں میں صدر، نائب صدر،سیکرٹری جنرل اور فنانس سیکرٹری شامل ہیں۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹرعبیداللہ کھوکھر نے کہا سٹوڈنٹ کونسلز سے طلبہ وطالبات میں قائدانہ صلاحیتیں اجاگر ہوں گی،بچوں میں فیصلہ سازی اورتنظیم سازی کی صلاحیتیں پیدا ہوں گی اور کہا انہی بچوں سے قومی اور صوبائی سطح کے لیڈر پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا طلبہ وطالبات میں اپنے مسائل کو اٹھانے اور حل کرنے کا شعور پیدا ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا سٹوڈنٹ کونسلز سے لیڈر شپ کی کوالٹی اور اعتماد سازی پیدا ہو گی اور کہا بچوں کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں گی اور کہا انہی بچوں میں سے ڈاکٹرز، انجینئرز، اعلیٰ افسران اور سائنسدان بنیں گیں اور اساتذہ کی دی گئی ترتیب آپ کی عملی زندگی میں کام آئے گی اور کہا ہمیں اپنے اندر مثبت سوچ کو پیدا کر کے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب خواجہ مظہر الحق نے کہا جنوبی پنجاب میں 2021 سے سٹوڈنٹ کونسلز کے انتخابات منعقد ہو رہے ہیں اور کہا ہم نصابی سرگرمیاں بچوں کو زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں اور سٹوڈنٹ کونسلز اچھی روایات کی پاسداری کرتی ہیں اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے میں کردار ادا کرتی ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز سیکنڈری ایجوکیشن جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، سی ای او ، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن فیض عباس، شیخ محمد رفیق، ڈپٹی ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن ڈاکٹر عالیہ نکہت اور دیگر ایجوکیشن افسران موجود تھے۔