سرگودھا،26مئی(اے پی پی):چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان،خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور، چیئرمین مجلس علماء پاکستان، چیئرمین انٹر فیتھ کونسل فار پیس اینڈ ہارمنی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے اسلام ہمیں امن و آشتی دوسروں کے ساتھ محبت کا درس دیتا ہے، اسلام میں سب سے پہلے انسانیت کے احترام، مذہبی ہم آہنگی و رواداری کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس سرگودھا میں سانحہ مجاہد کالونی کے حوالہ سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرگودھا پر امن اور محبت کرنے والوں کا ضلع ہے۔ ملک کی بقاء اور تحفظ کے لیے ہمارے عوام افواج پولیس اور دیگر اداروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں، انتظامیہ کے ساتھ علماء اور مذہبی شخصیات کا کردار اہم رہا ہے،قرآن پاک میں جگہ جگہ آدم کی اولاد کی عزت کی بات کی ہے،ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم دیگر مذاہبِ کے لوگوں کی عزت و تکریم کا خیال رکھتے تھے، دوسرے مذاہب کی تکریم ایمان کا حصہ ہے کوئی بھی توہین کا مرتکب ہوتا ہے تو ریاست اور قانون موجود ہے،ہمیں خود اپنی عدالت نہیں لگانا چاہیے اور قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے۔
اس موقع پر آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاہ نے کہا کہ پاکستان سب کا ہے اس ملک کے تحفظ کے لیے جانوں کے نذرانے دیئے ملکر اس ملک کو آگے لے جانا ہے اور ان مشکل حالات سے نکالنا ہے۔
مولانا عبد الخبیر آزاد کی طرف سے شہدائے پاکستان کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔ اس موقع پرکمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی، ریجل پولیس آفیسر شارق کمال،ڈی پی او، ڈپٹی کمشنر،علماء اور مذہبی شخصیا ت قاری وقار عثمانی، قاری محمد فاروق سیالوی، میاں طالب محمود، قاری عبد الوحید، محمد عبداللہ سعید ہاشمی، میجر سبطین، میاں عبد الغفار آزاد، امتیاز علی، امیر افضل اعوان،محمد ریاض، محمد عمر فاروقی، علی جعفر نقوی، میاں ضیاء الحق، قاری نگاہ مصطفیٰ، خالد اقبال مسرت،طارق اقبال بشپ کوئٹہ،انیل فیروز بھٹی ریاست علی فیروزی، قاری محمد زکریا اور دیگر بھی موجود تھے۔