سیالکوٹ، 8 مئی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ سیالکوٹ تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور اربوں روپے کا قیمتی زر مبادلہ کما کر ملک و قوم کی خدمت کر رہا ہے، سیالکوٹ کو رول ماڈل بنا کر ملک کے دیگر اضلاع میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیکر ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنایا جاسکتا ہے، ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا سیالکوٹ کی برآمدات میں اضافہ میں اہم رول ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
یہ بات انہوں نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ ملک عبدالغفور, ایس وی پی وہاب جہانگیر، عامر مجید کپور، ایوب خان، مریم بٹ، خاور خواجہ، اعجاز غوری، ملک ذوالفقار، لبنیٰ تبسم، اجمل دتہ کے علاؤہ مختلف ٹریڈ یونین کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا کہ میونسپل سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ کیلئے شہر میں کئی ایک منصوبوں پر کام جاری ہے تاہم ٹریفک، تجاوزات اور صفائی ستھرائی جیسے چیلنجز سے نمٹا اکیلی ایڈمنسٹریشن کے بس کی بات نہیں اس کیلئے شہریوں کو اپنی سماجی و اخلاقی ذمہ داریوں کا ادارک کرتے ہوئے آئین و قانون کی پاسداری کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بزنس فیسلیٹیشن سنٹر کے قیام کا مقصد سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو ایسا بزنس فرینڈلی ماحول فراہم کرنا ہے جس سے ان کا ایڈمنسٹریشن پر اعتماد بحال ہو اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ پر محدود پیمانے پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے اہم چوکوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا روڈ انجینئرنگ ، ٹریفک مینجمنٹ، پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، لیبر کالونی اور وویمن ہاسٹلز کی تعمیر کیلئے اراضی کے حصول کیلئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سیالکوٹ چمبر آف کامرس کے مابین ورکنگ ریلیشنز اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنایا جائیگا تاکہ درپیش مسائل کو اسٹیک ہولڈر کی مشاورت اور عملی تعاون سے حل کیا جائے گا۔
قبل ازیں صدر ایوان صنعت تجارت سیالکوٹ ملک عبدالغفور نے ڈپٹی کمشنر کو سپاس نامہ پیش کیا۔ اجلاس سے مختلف ٹریڈ یونین اور کمیٹیز کے اراکین نے بھی اظہار خیال کیا اور مسائل کی نشان دہی کی اور ان کے حل کیلئے اپنی تجاویز ڈپٹی کمشنر کو پیش کیں۔
سینئر صدر ایوان صنعت و تجارت وہاب جہانگیر نے سیالکوٹ چمبر آف کامرس کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کا ایوان صنعت و تجارت میں آنے پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ شہر کی تعمیر و ترقی میں ایوان صنعت و تجارت اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔