لاہور، 25 مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اختر سعید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بحریہ ٹاؤن کے پانچویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔آج سعید اختر میڈیکل کالج کے تمام 150 فریش گریجوایٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں۔ فریش گریجوایٹس کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سعید اختر میڈیکل کالج گزشتہ پندرہ برسوں سے طبی دنیا میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ والدین نے کتنی محنت کرکے بچوں کو آج کامیابی کے اس مقام تک پہنچایا ہے۔ فریش گریجوایٹس کیلئے آج کانووکیشن کا دن بہت اہم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے استاد میاں شہباز شریف سے خدمت انسانیت بارے بہت سیکھا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈاکٹری ایک انتہائی با عزت شعبہ ہے۔ ہمارے ڈاکٹرز پاکستان سمیت پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ میرٹ کے بغیر ہمارا پیارا ملک پاکستان نہیں چل سکتا۔ حال ہی میں سو فیصد میرٹ پر 24 ہسپتالوں کے ایم ایس تعینات کئے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بے عزتی کا باعث بننے والے عناصر کی نشاندہی کرکے محکمہ صحت سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ تمام بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کی ری ویمپنگ کرنے جا رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کارڈ کو جلد بہتر شکل میں لانچ کرے گی۔۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے فریش گریجوایٹس کو بہترین ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی بننا چاہئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نمایاں طلباء و طالبات کے درمیان گوکڈ میڈلز و تعریفی اسناد تقسیم کیں۔